آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام جاری 39 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 کے دسویں روز مختلف رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف اتوار کو بھی کارروائی، تین پلاٹس مکمل مسمار
دن کا آغاز ملائیشیا کی معروف ہدایت کار و اداکارہ بیلا رحیم، برطانیہ کے Jan Martin اور راحیل صدیقی کی جانب سے منعقدہ تھیٹر ورکشاپ سے ہوا۔ ورکشاپ میں تھیٹر اکیڈمی کے طلباء کے ساتھ غیر ملکی فنکاروں نے بھی حصہ لیا۔ بیلا رحیم نے اداکاری کے بنیادی اصول اور تھیٹر کی فنی باریکیاں سکھائیں، جبکہ جان مارٹن نے کردار سازی اور ڈائیلاگ بولنے کے عملی پہلوؤں پر تربیت دی اور مختلف مختصر تھیٹر پرفارمنس پیش کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بیلا رحیم اور جان مارٹن کو گلدستہ پیش کیا۔
اس کے بعد فلم اسکریننگ میں ہدایت کارہ عافیہ نتھانیئل کی پاکستانی فلم ”دختر“ پیش کی گئی، جس میں ایک ماں اور دس سالہ بیٹی کی کہانی دکھائی گئی جو لڑکی کو قبائلی رہنما سے طے شدہ شادی سے بچانے کے لیے اپنا گھر چھوڑ دیتی ہیں۔ فلم کے سنجیدہ مناظر نے ناظرین کو جذباتی کر دیا۔ عافیہ نتھانیئل نے بتایا کہ فلم میں پاکستان کے تمام صوبوں کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے اور کم عمری کی شادی پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
فیسٹیول میں مزاح سے بھرپور ڈرامہ ”ملاقات“ بھی پیش کیا گیا، جس کے مصنف Jean Pierre Martez اور ہدایت کار اسامہ رانجھا تھے۔ ڈرامے میں ایک مرد اور عورت کی مضافاتی ریلوے پلیٹ فارم پر ملاقات کو مزاح اور طنز کے انداز میں پیش کیا گیا۔ پاکستانی فنکاروں طوبی نعیم اور وقاص اختر کی اداکاری کو شائقین نے بے حد سراہا۔
دسویں روز کا اختتام ”ردھم آف دی ورلڈ“ میں عالمی موسیقی و رقص کی شاندار پرفارمنس سے ہوا۔ تقریب میں کولمبیا کی Riaz by Cayena Folfolk، امریکہ کے Cillian Rhodes، یوکے کے Luc Skys اور Tommy Hill اور پاکستان سے نگہت چوہدری نے بہترین پرفارمنس پیش کی۔ مختلف ممالک کے ڈانس گروپس نے اپنی ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے روایتی اور جدید انداز کے رقص پیش کیے۔ روشنیوں، رنگوں اور دھنوں کا حسین امتزاج حاضرین کے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ ثابت ہوا اور ہال میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہی۔

