ایف آئی اے بلوچستان زون نے ڈی جی ایف آئی اے کی خصوصی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے محمد موسیٰ اور محمد علی نامی دو افراد کو کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 6100 امریکی ڈالر اور 43 لاکھ 50 ہزار روپے نقد پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی۔ مزید برآں، ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے متعلق اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے اور بیرون ملک رقم کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث پائے گئے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، برآمد شدہ رقم کے حوالے سے ملزمان کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے۔ دونوں کو باقاعدہ گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
