ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ٹارگیٹڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق، امشب بھی تھانہ سرجانی کے علاقے یوسف گوٹھ اور اس کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا۔
آپریشن ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور امن و امان کے قیام کے لیے عمل میں لایا گیا۔
پولیس کے مطابق، آپریشن سے قبل علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کر کے ہدفی مقامات کی تلاشی کا عمل شروع کیا گیا، جبکہ بائیومیٹرک تلاش ڈیوائسز کے ذریعے مشتبہ افراد کی شناخت اور تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔
کومبنگ آپریشن میں ڈی ایس پی سرجانی کی زیر نگرانی ایس ایچ او گلشنِ معمار اور ایس ایچ او سرجانی بمعہ پولیس نفری، لیڈیز اسٹاف اور انٹیلیجنس ٹیم شریک ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق، سرچ آپریشن کا مقصد علاقے میں امن و امان کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ، اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنانا ہے۔

