کراچی میں رومانیہ کی جانب سے پاکستان اور رومانیہ کی دوستی کی علامت کے طور پر ایک یادگار تعمیر کی جائے گی۔ یہ یادگار پاکستان کے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور رومانیہ کے عظیم شاعر میہائی ایمینیسکو (Mihai Eminescu) کے ناموں سے منسوب ہوگی۔
یہ یادگار دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلق اور دوستی کی علامت ہوگی، جس کے ڈیزائن میں پاکستانی اور رُومانی فنِ تعمیر کے عناصر شامل کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو (Dr. Dan Stoenescu) کے درمیان کمشنر آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں شہر میں یادگار کے لیے موزوں مقام کی نشاندہی پر بھی مشاورت کی گئی۔
رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ یہ یادگار پاکستان اور رومانیہ کی دوستی اور ادبی میراث کی ایک شاندار علامت ہوگی، جو دونوں ممالک کے عوام، خصوصاً سندھ اور کراچی کے شہریوں کی دلچسپی اور توجہ کا مرکز بنے گی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور ثقافتی طور پر متنوع شہر ہے، جسے اپنے تاریخی ورثے، آرٹ، موسیقی، خوراک اور ساحلی مناظر پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں قائداعظم ہاؤس میوزیم (فلیگ اسٹاف ہاؤس)، موہٹہ پیلس، چوکھنڈی کے مقبرے، کلفٹن اور ہاکس بے کے ساحل اور دیگر تاریخی و ثقافتی مقامات کراچی کی شناخت ہیں۔
کمشنر نے مزید کہا کہ سندھ کی تاریخی یادگاریں جیسے فیض محل خیرپور خطے کی تہذیبی عظمت کی نمائندگی کرتی ہیں۔
رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو نے کراچی میں ثقافتی و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستانی طلبہ کے لیے رومانیہ کی جدید جامعات میں تعلیم کے مواقع بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کمشنر کراچی کے "امید کی گھنٹی” جیسے عوامی فلاحی منصوبوں کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیا اور کہا کہ رومانیہ کراچی میں ثقافتی تبادلوں اور ترقیاتی شراکت کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
