گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے صومالیہ کے سفیر شیخ نور محمد نے چیف آف نیوی کے ہمراہ گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک–صومالیہ دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور بحری تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا پاکستان کی اقتصادی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے صومالیہ سمیت افریقی خطے کے ساتھ اقتصادی و بحری روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سفیرِ صومالیہ شیخ نور محمد نے گورنر سندھ کے عوامی فلاحی منصوبے “امید کی گھنٹی” کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام معاشرتی خدمت اور عوامی بہتری کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
اس موقع پر چیف آف نیوی اور کوسٹ گارڈ حکام نے گورنر سندھ کے ساتھ سمندری سیکیورٹی، میری ٹائم سیفٹی اور ساحلی علاقوں کے استحکام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے اختتام پر صومالی سفیر اور چیف آف نیوی نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔
