کراچی: گارڈن پولیس نے ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکنِ سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
فرئیر پولیس کی مؤثر کارروائی دو مفرور اشتہاری ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 454/2025 پولیس افسر راؤ محمد شاہ رخ کی مدعیت میں دفعات 506-B اور پیکا ایکٹ کے تحت تھانہ گارڈن میں درج کیا گیا۔
مدعی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ڈیوٹی کے دوران اپنے موبائل فون پر فیس بک پیج "ذرائع نیوز” پر اپلوڈ ہونے والی ویڈیو دیکھ رہا تھا، جس میں کامران فاروقی نے کہا کہ:
"آج اس کی خوش قسمتی تھی اس بدبخت کی کہ یہ چند لمحے پہلے نکل گیا ورنہ یہ آج اپنی گاڑی سمیت جلتا۔”
مدعی کے مطابق یہ ویڈیو ڈمپر حادثے کے واقعے سے متعلق تھی، جو گزشتہ رات نشتر روڈ، رامسوامی میں پیش آیا، جہاں ایک ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار شاہ زیب کو ٹکر مار کر ہلاک اور اس کی اہلیہ کو زخمی کردیا تھا۔ اس کے بعد مشتعل عوام نے ڈمپر کو آگ لگا دی تھی۔
واقعے کے بعد ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود جائے وقوعہ پر پہنچے تھے، جس کے بعد یہ ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر سامنے آیا۔ پولیس کے مطابق کامران فاروقی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال پھیلانے اور قتل کی دھمکیاں دینے کا ارتکاب کیا ہے، جو قابلِ دست اندازی جرم ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش سی آئی سی گارڈن ڈویژن کے حوالے کردی ہے۔
