کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سے شروع ہونے والی تبدیلی کی لہر اب نیویارک تک پہنچ گئی ہے، جہاں 34 سالہ مسلمان سیاستدان ظہران ممدانی نیویارک کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے دی فیوچر سمٹ 2025 سے خطاب میں کہا کہ چند سال پہلے کراچی نے بھی ایک نوجوان میئر مرتضیٰ وہاب کو منتخب کیا تھا، اور آج نیویارک نے بھی نوجوان قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان قیادت ہی مستقبل کی ضمانت ہے، اور یہی وہ تبدیلی ہے جس کا آغاز کراچی سے ہوا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں اقوام اپنے ترقیاتی ماڈلز اور ترجیحات کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، رابطوں میں اضافے سے ہی ترقی کی راہیں کھلتی ہیں۔ سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار ظہران ممدانی نے نیویارک کے میئر کے انتخاب میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق ظہران ممدانی نے 49.6 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے حریف سابق گورنر اینڈریو کومو کو 41.6 فیصد ووٹ ملے۔
