کراچی: صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات سندھ، علی حسن زرداری نے آج اچانک ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران جیل سپرنٹنڈنٹ فہیم انور میمن اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عدنان جتوی نے وزیر کو جیل کے انتظامی امور، قیدیوں کی سہولیات، سیکیورٹی اقدامات اور اصلاحی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ملیر سٹی پولیس کی کارروائی، منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان گرفتار
صوبائی وزیر نے قیدیوں کی ملاقات گاہ کا معائنہ کیا اور قیدیوں و ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے آن لائن کورٹ سسٹم کا بھی جائزہ لیا، جہاں قیدیوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتوں میں پیشی کا عمل دیکھا گیا۔
علی حسن زرداری نے جیل کے کچن کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے کھانے کے معیار کا معائنہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر نے جیل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت دی کہ قانون کے مطابق تمام بنیادی سہولیات قیدیوں کو فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحی سرگرمیوں اور بہتر ماحول کے ذریعے قیدیوں کی بحالی حکومتِ سندھ کی ترجیح ہے۔