کراچی: کامران ٹیسوری نے گورنر سندھ کے منصب سے تبدیلی کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی شخص ساری زندگی کسی عہدے پر نہیں رہتا، تاہم وہ گونگا، بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بتا سکتے ہیں کہ انہیں کس نے ہٹوایا، لیکن وہ اس بارے میں کچھ کہنا مناسب نہیں سمجھتے۔
ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا پہلا پیغام، آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اعلان
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس آ کر انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کام کریں گے اور عوام کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گل پلازہ کے متاثرین کی آواز اٹھانے پر انہیں سزا دی جا رہی ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے نومنتخب گورنر سندھ نہال ہاشمی کو ٹیلیفون کر کے انہیں گورنر سندھ نامزد ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں شروع کیے گئے تمام عوامی اقدامات اور انیشی ایٹیوز کو جاری رکھنے کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کریں گے اور ان کی نیک تمنائیں نہال ہاشمی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی کام میں تعاون درکار ہوا تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عہدے آتے جاتے رہتے ہیں مگر عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
کامران ٹیسوری نے اس موقع پر آصف علی زرداری، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا شکریہ بھی ادا کیا۔
گورنر سندھ نے مراد علی شاہ کو بھی ٹیلیفون کیا اور کہا کہ تقریباً پونے چار سال کے دوران دونوں کے درمیان اچھا تعلق رہا اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دیا گیا احترام وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ یہ خبر سن کر وہ کہیں چھپ نہیں گئے بلکہ میڈیا کا سامنا کیا کیونکہ وہ ہمیشہ کھل کر بات کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ان کا گھر ہمیشہ عوام کے لیے کھلا رہے گا۔
انہوں نے گورنر ہاؤس میں جاری منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے تقریباً 50 ہزار بچوں کا مستقبل ایک اہم معاملہ ہے اور امید ہے کہ نئے گورنر اس حوالے سے اقدامات کو جاری رکھیں گے۔
