کراچی (تشکر نیوز) — مرکزی مسلم لیگ نے کراچی میں نافذ ای چالان سسٹم کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔ پٹیشن میں چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک، نادرا اور محکمہ ایکسائز کو فریق بنایا گیا ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے پٹیشن دائر کرنے والی قانونی ٹیم میں مدثر اقبال چوہدری، محمد سراج اور نصیر اقبال ایڈووکیٹ شامل ہیں۔
پارٹی کے کراچی صدر احمد ندیم اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، مگر سندھ حکومت نے ای چالان سسٹم کو شہریوں سے پیسہ بٹورنے کا ذریعہ بنا دیا ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو شناختی کارڈ بلاک کرنے کی دھمکیاں دینا غیر قانونی اقدام ہے اور اس کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری طور پر پریشان کرنا ہے۔
احمد ندیم اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ ’’ہم ایک ملک میں دو قانون نہیں مان سکتے، لاہور میں چالان 200 روپے کا ہے جبکہ کراچی میں 5 ہزار روپے کیوں؟‘‘
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کے خلاف اب عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا ہے، اور اگر اس ناانصافی کا سلسلہ نہ رکا تو قانونی جدوجہد کے ساتھ احتجاجی تحریک بھی شروع کی جائے گی۔
