کراچی (اسٹاف رپورٹر) — متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما انجینئر عادل عسکری نے کہا ہے کہ شہریوں کو سہولیات فراہم کیے بغیر الیکٹرانک چالان (E-Challan) کا نفاذ ناانصافی، عذاب اور ظلم کے مترادف ہے۔
انجینئر عادل عسکری نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت بنیادی ٹریفک انتظامات اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنائے بغیر شہریوں پر بھاری چالان مسلط کر رہی ہے۔ ان کے مطابق، کراچی میں ناقص ٹریفک سگنل سسٹم، ٹوٹی سڑکیں اور ناقص پبلک ٹرانسپورٹ شہریوں کے لیے پہلے ہی مشکلات کا باعث ہیں۔
ایم کیو ایم کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریکِ التواء میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک سڑکوں کی حالت بہتر نہیں ہوتی، ٹریفک سسٹم فعال نہیں ہوتا اور تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جاتی، تب تک ای چالان سسٹم کو معطل کیا جائے۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کو سب سے پہلے شہریوں کو سہولتیں، شفاف نظام اور مؤثر انفراسٹرکچر فراہم کرنا چاہیے، اس کے بعد ہی کسی خودکار جرمانہ نظام کا نفاذ قابلِ قبول ہوگا۔

