پشاور (اسٹاف رپورٹر) — خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے خلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید جھڑپ میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کرم کے علاقے دوگر میں کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے بروقت اور مؤثر آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں کیپٹن نعمان سلیم، حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کیپٹن نعمان سلیم ایک بہادر اور نوجوان میڈیکل آفیسر تھے، جنہوں نے محاذِ جنگ پر نہ صرف میڈیکل خدمات انجام دیں بلکہ دلیرانہ انداز میں لڑتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، اور ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
