کراچی (اسٹاف رپورٹر) — واٹر کارپوریشن کے کمپلین مینجمنٹ سینٹر (C.M.C) کے قیام کو ایک سال مکمل ہونے پر چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی، سی ای او احمد علی صدیقی، سی او او انجینئر اسداللہ خان، ڈائریکٹر ٹریننگ الہی بخش بھٹو، ڈائریکٹر آئی ٹی عبدالغنی شیخ، انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو، اور انچارج آفیسر سی ایم سی سید فرحان ہاشمی سمیت کارپوریشن کے مختلف شعبہ جات کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سی ایم سی کا قیام ادارے کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپلین مینجمنٹ سینٹر نے ایک سال کے دوران اپنی بہترین کارکردگی سے یہ ثابت کیا ہے کہ واٹر کارپوریشن جدید طرزِ حکمرانی اور شفافیت کی راہ پر گامزن ہے۔
سی ای او احمد علی صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی ایم سی ٹیم نے گزشتہ ایک سال میں ہزاروں شہری شکایات کا بروقت اور مؤثر حل فراہم کیا، جو ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کی پالیسی شفافیت، کارکردگی اور عوامی اعتماد کی بحالی پر مرکوز ہے، اور سی ایم سی کی کامیابی اسی وژن کی عکاس ہے۔
سی او او انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ سی ایم سی کے قیام سے شہریوں اور ادارے کے درمیان براہِ راست رابطہ مضبوط ہوا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شکایات کے تجزیے، مانیٹرنگ اور تیز رفتار حل کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر سی ایم سی کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
میئر کراچی اور واٹر کارپوریشن کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو پانی و سیوریج کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید نظام، ٹیکنالوجی اور انتظامی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ کراچی کو ایک صاف، بہتر اور ترقی یافتہ شہر بنایا جا سکے۔

