وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) — وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پرتشدد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پابندی کی منظوری دے دی ہے۔

سعید غنی کا چنیسر گوٹھ میں ملاکھڑے کے مقابلے میں شرکت، سندھ کے روایتی کھیل کے فروغ کے عزم کا اظہار

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ٹی ایل پی پر پابندی کی سمری پیش کی گئی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور کابینہ کو تنظیم کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی کابینہ کے اعلامیے کے مطابق بتایا گیا کہ ٹی ایل پی 2016 سے ملک میں شرانگیزی اور پرتشدد احتجاجی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ 2021 میں بھی تنظیم پر پابندی عائد کی گئی تھی، جو بعد ازاں اس شرط پر ہٹائی گئی کہ وہ آئندہ پرتشدد کارروائیوں سے گریز کرے گی، تاہم تنظیم نے دی گئی یقین دہانیوں سے انحراف کیا۔

کابینہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ٹی ایل پی دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد، اور ہجوم کے تشدد میں ملوث رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ماضی میں ٹی ایل پی کے مظاہروں کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور بےگناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ نجی و سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے فیصلے کے بعد وزارتِ داخلہ نے پابندی کے نفاذ کے لیے ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
اب یہ معاملہ وزارتِ قانون کو بھیجا جائے گا، جو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی سیکشن 11-B(1) کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرے گی۔
سپریم کورٹ سے منظوری کے بعد الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا اور تنظیم پر باضابطہ پابندی عائد کردی جائے گی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے بھی ایک ہفتہ قبل ٹی ایل پی پر پابندی کی سفارش وزارتِ داخلہ کو بھیجی گئی تھی، جس کے بعد آج یہ فیصلہ حتمی شکل اختیار کرگیا۔

چارج شیٹ کے مطابق ٹی ایل پی نے فرقہ وارانہ تشدد، نفرت انگیز تقاریر، اور املاک کی تباہی میں کردار ادا کیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 2016 سے 2025 تک مختلف مظاہروں میں 70 افراد زخمی اور 5 جاں بحق ہوئے، جبکہ حالیہ احتجاج میں 47 پولیس اہلکار زخمی اور ایک اہلکار شہید ہوا۔

2 thoughts on “وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!