اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
نہال ہاشمی گورنر سندھ مقرر کرنے کی منظوری
وزیراعظم کا جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر نے استقبال کیا جبکہ ریاض میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی عملے نے بھی وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب میں چند گھنٹے قیام کریں گے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی سفارتی روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ اس دورے سے عالمی اور علاقائی سطح پر پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں اور اس دورے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور، قریبی مشاورت اور سفارتی رابطوں کے تسلسل کا حصہ ہے جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
