اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیانات کو من گھڑت اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "انتہائی تشویش کے ساتھ نوٹس کیا گیا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت نے وہی من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈا دہرانا شروع کر دیا ہے” اور اس عمل کو معرکہِ حق کے بعد کے حالیہ بیانات سے منسوب کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے تناظر میں یہ پروپیگنڈہ تیز کیا جا رہا ہے، اور بظاہر بھارتی فوج و اس کی سیاسی قیادت معرکہِ حق میں شکست کو تسلیم کرنے سے قاصر نظر آتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ "بھارتی جھوٹ کی پرتیں بے نقاب ہو چکی ہیں اور دنیا اب بھارت کو سرحد پار دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز سمجھ رہی ہے۔” بیان میں مزید زور دے کر کہا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور تمام سرحدی حدود کے دفاع کے لیے پوری صلاحیت اور پختہ عزم رکھتا ہے اور ہر جارحانہ اقدام کا جواب "تیز، پختہ اور بھرپور انداز” میں دیا جائے گا۔
شعبہ تعلقات عامہ نے بین الاقوامی برادری اور بھارتی عوام کو متنبہ کیا کہ پروپیگنڈے اور بےجا بیانات جنگی جنون کو ہوا دے سکتے ہیں، اس لیے ذمہ دارانہ بیانیہ اپنانا ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے اپنی صف بندی اور تیاری برقرار رکھی ہوئی ہے اور قومی سلامتی کے دفاع کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
