کراچی (اسٹاف رپورٹر): ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی ایس پی ایڈمن ٹریفک کاشف ندیم، ڈی ایس پی لیگل محمد طفیل، آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر حاجی تواب، جنرل سیکریٹری محمد الیاس، سینئر وائس پریذیڈنٹ عبدالرحمن، اور چنگچی رکشہ ایسوسی ایشن کے صدر عمران زیدی سمیت دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔
راولپنڈی: افغان جارحیت کے خلاف وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے 12 شہداء کی نمازِ جنازہ ادا
اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو فیس لیس / ای ٹکٹنگ سسٹم، ٹریفک قوانین، اور واضح نمبر پلیٹس کی تنصیب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر زور دیا گیا کہ ڈرائیورز کو قوانین سے مکمل آگاہ کیا جائے تاکہ شہر میں محفوظ اور منظم ٹریفک نظام یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت دی کہ منی بسوں اور کوچز کے ڈرائیورز کی تربیت کی جائے تاکہ وہ تیز رفتاری، ون وے اور رونگ وے کی خلاف ورزی جیسے خطرناک اقدامات سے اجتناب کریں۔
مزید کہا گیا کہ کم عمر ڈرائیوروں کو چنگچی رکشہ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ایک رکشے میں پانچ سے زائد مسافر سوار نہیں کیے جا سکیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ شہر بھر میں ڈبل پارکنگ اور غلط پارکنگ پر مکمل پابندی ہوگی، اور فیس لیس ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
تمام منی بسوں اور کوچز میں 27 اکتوبر 2025 تک جی پی ایس ٹریکر کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ گاڑیوں کی مانیٹرنگ مؤثر بنائی جا سکے۔
ٹرانسپورٹرز کے وفد نے ای ٹکٹنگ نظام کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، جبکہ ڈرائیورز کی تربیت کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا پیغام:
“آپ کے سفر میں ہمسفر – کراچی ٹریفک پولیس”
