کراچی (اسٹاف رپورٹر): وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری بلدیات، ڈی جی کے ڈی اے اور ادارے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
کراچی میں احتجاج کی افواہیں بے بنیاد قرار، پولیس کی شہریوں سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل
اجلاس کے دوران ڈی جی کے ڈی اے نے محکمے کے جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے ہدایت دی کہ برساتی نالوں کی تعمیر و مرمت، سڑکوں کی بحالی اور پیڈسٹل برج کی مرمت کے کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
سید ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں، کام ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹیفیکیشن کے منصوبے جلد از جلد شروع کیے جائیں اور زیر تعمیر منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ عوامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کراچی میں سہولیات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور مفادِ عامہ کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برساتی پانی کو جمع کرنے کے لیے 22 مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے، جہاں واٹر چیمبرز کے ذریعے پانی ذخیرہ کیا جا سکتا ہے، جس سے زیرِ زمین پانی کی سطح میں بہتری آئے گی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کے ڈی اے کی زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹیلائز کرنے، ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام پروسیس کو آسان بنانے اور کے ڈی اے کی پائپ فیکٹری کو فوری فعال کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے زور دیا کہ جعلی فائلوں اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور ایسی کالی بھیڑوں کو ادارے سے نکال دیا جائے۔ عوام کے حقوق پر کسی قسم کی زیادتی یا حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی۔
