کراچی (اسٹاف رپورٹر): مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مارچ پر پولیس کی جانب سے شیلنگ اور فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کا اندھا دھند اور بے رحمانہ استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔
انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ طاقت کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، نہ ہماری سرحدیں محفوظ ہیں اور نہ ہی داخلی حالات بہتر، ایسے میں ٹی ایل پی مارچ پر طاقت آزمائی کا مشورہ دینے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔
چیئرمین ایم کیو ایم (پاکستان) نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کو حراست میں لینے کی اجازت نہ ہمارا دین دیتا ہے اور نہ روایات — یہ عمل اخلاقیات کے منافی ہے اور اس سے نفرتیں بڑھنے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
آفاق احمد نے مطالبہ کیا کہ ٹی ایل پی سربراہ کے گھر کی خواتین کو فوری طور پر رہا کیا جائے، اور وفاقی و پنجاب حکومت واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانشمندی کا تقاضا ہے کہ گرفتار کارکنان کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔
آفاق احمد نے ٹی ایل پی قیادت اور کارکنان سے بھی پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ درجہ حرارت کو بڑھانے کے بجائے افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔
