کراچی (اسٹاف رپورٹر): وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں خصوصاً بچیوں کو جدید تعلیم اور فنی تربیت کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کے روز زیبسٹ زیب ٹیک کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ وحیدہ مہیسر کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں ہیڈ آف چیپٹر نورالعین چانڈیو، پروگرام مینیجر ارسما جہانگیر، فنانس کنٹرولر نبیل شیخ سمیت دیگر ارکان شامل تھے، جبکہ چنیسر ٹاؤن کے وائس چیئرمین ندیم خیالی اور اعظم بستی کے یوسی چیئرمین طارق آفریدی بھی موجود تھے۔
زیبسٹ کے وفد نے صوبائی وزیر کو زیب ٹیک جی پی آئی اعظم بستی چنیسر ٹاؤن کی کارکردگی، جاری کورسز اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ محترمہ وحیدہ مہیسر نے وزیر محنت کو بتایا کہ ادارہ آئی ٹی، ٹیکنیکل اور ووکیشنل کورسز کے ذریعے نوجوانوں کو جدید تعلیم فراہم کر رہا ہے تاہم بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تدریسی عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ زیب ٹیک کی کارکردگی قابلِ رشک ہے، اور سندھ حکومت ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرکے زیب ٹیک اعظم بستی چیپٹر کے لیے سولر سسٹم کی فراہمی اور طلبہ کے لیے مفت تعلیم کا بندوبست کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ کے منتخب نمائندوں کو پابند کیا جا رہا ہے کہ وہ زیب ٹیک کے دورے کریں اور ادارے کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کریں۔
جاری کردہ:
زبیر میمن، میڈیا کنسلٹنٹ وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی
0333-3788079
