کراچی میں پانی مافیا کے خلاف رینجرز اور واٹر بورڈ کا مشترکہ آپریشن، 34 لاکھ گیلن یومیہ پانی چوری پکڑا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر): پاکستان رینجرز (سندھ) اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کے اینٹی تھیفٹ سیل نے ناظم آباد (بنگش ہوٹل) اور سائیٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے قریب غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پانی چوری کے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے تبلیغی جماعت کے شوریٰ ارکان کی ملاقات، رائیونڈ اجتماع کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان

ترجمان رینجرز کے مطابق، ماہِ ستمبر کے آغاز میں سائیٹ ایریا کے صنعتی علاقوں شیر شاہ اور گل بائی کو پانی کی فراہمی میں کمی کی متعدد شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے بعض شکایات سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ ایسوسی ایشن (SITEA) کی جانب سے بھی رپورٹ کی گئیں۔

واٹر بورڈ کی نشاندہی پر کارروائی کے دوران ناظم آباد (بنگش ہوٹل) سے 4 انچ قطر کے 4 غیر قانونی کنکشنز جبکہ برف فیکٹری، سائیٹ ایریا نزد حبیب بینک چورنگی سے 6 انچ قطر کے 3 غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیے گئے۔

ترجمان کے مطابق، ان غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے پانی مافیا روزانہ 34 لاکھ گیلن پانی چوری کر رہا تھا، جس سے واٹر بورڈ کو یومیہ 18 لاکھ 70 ہزار روپے کا مالی نقصان ہو رہا تھا، جبکہ شہریوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا تھا۔

رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پانی چوری کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

ترجمان رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی چوری یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، اور یقین دلایا کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!