نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات عروج پر، ایس بی سی اے کا ڈپٹی ڈائریکٹر کیشن چند خاموش

کراچی  (خصو صی رپورٹ) شہرِ قائد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دعوے اور اعلانات ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے زیر انتظام نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں ملٹی یونٹ اور پورشنز کی غیر قانونی تعمیرات تیزی سے جاری ہیں، مگر متعلقہ افسران کی خاموشی نے پورے نظام کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

تھانہ بلال کالونی پولیس کی کامیاب کارروائی، مضر صحت گٹکا ماوا فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

ذرائع کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس میں رہائشی پلاٹوں پر تجارتی نوعیت کی تعمیرات اور غیر قانونی پورشنز کی بھرمار ہو چکی ہے۔ متعدد مقامات پر پلاٹ مالکان نے ایس بی سی اے کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین سے چار منزلہ عمارتیں تعمیر کر رکھی ہیں، جن میں کئی یونٹس کرائے پر دیے جا چکے ہیں۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کیشن چند ان غیر قانونی تعمیرات پر خاموش ہیں اور اب تک کسی ایک بھی عمارت کو مسمار کرنے کی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس خاموشی نے علاقے میں یہ تاثر مضبوط کر دیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے پیچھے ایک منظم مافیا سرگرم ہے جو مبینہ طور پر اثر و رسوخ اور مالی فوائد کے ذریعے تحفظ حاصل کیے ہوئے ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس بی سی اے کے اندر ایک “سیٹنگ سسٹم” کے تحت غیر قانونی تعمیرات کو باضابطہ اجازت ناموں کا تاثر دے کر قانونی حیثیت دی جاتی ہے، جس کے بدلے بھاری رقوم وصول کی جاتی ہیں۔ اس عمل نے نہ صرف شہری قوانین کی خلاف ورزی کو معمول بنا دیا ہے بلکہ پورے شہر کے بنیادی ڈھانچے پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔

مزید یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ اگر تحقیقاتی ادارے ڈپٹی ڈائریکٹر کیشن چند کے غیر ملکی دوروں، اثاثوں اور مالی ریکارڈ کی چھان بین کریں تو ان کی آمدن اور طرزِ زندگی میں واضح تضاد بے نقاب ہو سکتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں بلڈر مافیا کی سرگرمیوں نے علاقے کی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ جگہ جگہ غیر قانونی تعمیرات، غیر معیاری عمارتیں، تنگ گلیاں اور بڑھتا ہوا رش شہریوں کی زندگی اجیرن کر رہا ہے۔ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اندر موجود کرپٹ عناصر کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی کی جائے۔

شہریوں نے ڈی جی ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے اپیل کی ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے نیٹ ورک کو توڑ کر ان کے سرپرستوں کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ قانون کی عملداری اور شہری نظم بحال ہو سکے۔

63 / 100 SEO Score

One thought on “نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات عروج پر، ایس بی سی اے کا ڈپٹی ڈائریکٹر کیشن چند خاموش

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!