کراچی (اسٹاف رپورٹر) — صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ سے یونیسکو پاکستان آفس کے سربراہ فواد پاشایف نے اہم ملاقات کی، جس میں سندھ کی ثقافت اور سیاحت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کاٹی کا دورہ، بزنس کمیونٹی سے تعاون بڑھانے پر زور
ملاقات میں یونیسکو میں شامل تاریخی ورثوں سمیت نئے ورثے شامل کرنے کے لیے جاری کام پر گفتگو ہوئی۔ فواد پاشایف نے سندھ کے تاریخی ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ثقافت پوری دنیا میں منفرد پہچان رکھتی ہے اور اس کے آثار قدیمہ عالمی سیاحت کے لیے انتہائی پرکشش ہیں۔
یونیسکو اور سندھ حکومت کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور یونیسکو کے تعاون سے سندھ کی تاریخ نئی نسل تک پہنچائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کو معاشی ترقی کا ذریعہ بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ فواد پاشایف نے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یونیسکو کی سطح پر تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔
آخر میں صوبائی وزیر نے مہمانوں کو سندھی اجرک، ٹوپی، کنگ پریسٹ کی یادگار شیلڈ اور تاریخی ورثے کی تصاویر تحفے میں پیش کیں۔ ملاقات میں ایم ڈی سیاحت فیاض شاہ، ڈی جی آثار قدیمہ عبدالفتح شیخ، ڈی جی کلچر حبیب اللہ میمن اور ڈائریکٹر کلچر ہدایت اللہ راجڑ بھی شریک تھے۔
