کراچی (کرائم رپورٹر) — سندھ پولیس نے صوبے بھر میں منشیات اور گٹکا ماوا مافیاز کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ڈی آئی جی اسپیشل برانچ کے مطابق رواں سال اے پلس (A+) کیٹگری کے 316 منشیات مافیاز میں سے 285 کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ فہرست میں شامل 163 بڑے گٹکا ماوا مافیاز میں سے 142 کو بھی پولیس نے دھر لیا۔
کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی کارروائیاں، 3 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار، اسلحہ برآمد
پولیس حکام کے مطابق نشاندہی کیے گئے 31 بڑے منشیات اڈوں میں سے 27 کو تباہ کیا جاچکا ہے۔ تعلیمی اداروں کے اطراف سرگرم 69 مافیاز میں سے 60 گرفتار کیے گئے جبکہ 63 آن لائن منشیات فروشوں میں سے 38 کو سی آئی اے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ان کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ڈویژنل اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ گرفتار منشیات اور گٹکا ماوا مافیاز کی فنانشل ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کی جائیں اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے شواہد کی صورت میں کیسز ایف آئی اے کو منتقل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلا مرحلہ عدالتوں سے سخت سزائیں دلوانا ہے، اس کے لیے مضبوط مقدمات تیار کیے جائیں اور ضمانت دینے والوں کی بھی چھان بین کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں منشیات مافیاز کے خلاف مئی سے جاری مہم عوام کی توقعات پر پورا اتر رہی ہے اور اب مافیاز کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

