کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور خاص طور پر پولیس، خواجہ سرا کمیونٹی اور صحافی نشانے پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعات شہر کو غیر مستحکم کرنے اور معاشرتی تقسیم پیدا کرنے کی ایک سازش معلوم ہوتی ہے۔
مودی حکومت کی فلسطین پالیسی شرمناک اور اخلاقی بزدلی ہے، کانگریس
انہوں نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد قوتیں پہلے پولیس کو نشانہ بنا کر ان کی کارروائیوں کو محدود کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور پھر صحافیوں اور دیگر سماجی گروپوں کو ڈرا دھمکا کر شفافیت اور احتساب کے راستے بند کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بلال سلیم قادری نے زور دیا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کے خلاف حالیہ کارروائیاں اجتماعی انتشار اور خوف پھیلانے کی واضح مثال ہیں اور ان کی مکمل اور شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ میمن گوٹھ میں تین خواجہ سراؤں کی لاشوں کے معاملے سمیت شہر میں ہونے والے تمام ٹارگٹس کلنگ واقعے کی فوری، غیر جانبدارانہ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں تاکہ مجرموں کو گرفتار کر کے شہریوں میں خوف کی فضا ختم کی جا سکے۔ بلال سلیم قادری نے کہا کہ یہ واقعات اتفاقی نہیں بلکہ منصوبہ بندی شدہ ہیں اور ان کا تدارک ریاستی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
