پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ٹی آر کیو اپورشنمنٹ (TRQ Apportionment) معاہدے پر باضابطہ طور پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کا مقصد برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا (بریگزٹ) کے بعد دوطرفہ تجارتی نظام میں تسلسل، قانونی استحکام اور اعتماد کو یقینی بنانا ہے۔
برسلز میں منعقدہ دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیلجئیم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تکنیکی تعاون کو مضبوط بنانے، اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے اور کثیرالجہتی تجارتی نظام سے وابستگی کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف موجودہ تجارتی انتظامات کے تسلسل کو برقرار رکھے گا بلکہ مستقبل میں قواعد پر مبنی عالمی تجارتی نظام کے تحت پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مزید تعاون کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے اور اس نوعیت کے معاہدے دونوں فریقین کے کاروباری حلقوں کے لیے اعتماد، استحکام اور سرمایہ کاری کے بہتر مواقع پیدا کریں گے، جس سے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔
