بالی ووڈ کے معروف فلم ساز روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کر لی ہے، جس کے بعد بھارت بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پاکستان کے ممکنہ بائیکاٹ پر آئی سی سی میں تشویش، پی سی بی سے رابطوں کا آغاز
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع روہت شیٹی کے گھر کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا کے مطابق ایک مسلح شخص نے فلم ساز کی رہائش گاہ کی عمارت کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد فائر کیے۔ واقعے کے دوران 7.62 ملی میٹر کی کم از کم پانچ گولیاں چلائی گئیں۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے لیے جدید اور دیسی ساختہ اسلحہ استعمال کیا گیا۔
تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ ممبئی کرائم برانچ کے اینٹی ایکسٹورشن سیل نے پونے سے چار افراد کو گرفتار کیا ہے، جن پر مبینہ طور پر شوٹر کی مدد کرنے اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کو منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے جوڑا جا رہا ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ روہت شیٹی کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
