کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ اسکول ایجوکیشن کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
پاک بحریہ کی پنجاب اور سندھ میں سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیاں جاری
اجلاس میں اسکول ایجوکیشن کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2025-26 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اسکول ایجوکیشن کا اے ڈی پی 17.80 ملین جبکہ پی ایس ڈی پی 9338 ملین روپے ہے۔
وزیر تعلیم سردار شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2024-25 میں 156 ترقیاتی اسکیمیں 11,372.738 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئیں۔ رواں مالی سال 2025-26 میں 451 اسکیمیں 91,033.209 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہیں، جن میں 433 جاری اور 8 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مکمل ہونے والی اسکیموں میں 239 سکھر، 211 حیدرآباد، 121 کراچی اور 28 دیگر ڈویژن میں ہیں۔ اسی طرح فارن اسسٹنٹس پروجیکٹس کے تحت 5 منصوبے 55,249.690 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہیں، جن میں ارلی لرننگ تھرو کلاس روم ٹرانسفارمیشن، سیکنڈری ایجوکیشن امپرومینٹ، اسکول ریہیبلی ٹیشن، سیلاب متاثرہ علاقوں میں اسکولوں کی بحالی اور پرائمری اسکولوں کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔
جاپان کی گرانٹ کے تحت سیلاب متاثرہ 5 اضلاع میں 20 اسکولوں کی تعمیر نو جاری ہے، جن میں 11 اسکولوں کا 80 فیصد اور 9 اسکولوں کا 47 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ مزید 295 پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری سطح تک اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ 25 پرائمری اسکولوں کو سیکنڈری اسکولوں میں اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ میرپورخاص ڈویژن میں 15 اسکولوں کو دسمبر تک اپ گریڈ کیا جائے اور اپریل 2026 تک 200 اسکولوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن مکمل کی جائے۔
