کراچی (اسپیشل رپورٹر) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے زیر اہتمام یومِ دفاع کی مناسبت سے انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن (IPO) کے تعاون سے تیسری پولیس ایکسٹریم ہینڈ گن چیمپئن شپ 2025 ایس ایس یو چوکنڈی ہیڈکوارٹرز میں کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی۔ اس ایونٹ میں ملک بھر سے سویلین، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا اور شوٹنگ کے شعبے میں شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔
کراچی: آن لائن منشیات فروش ڈیلیوری رائیڈر گرفتار، کرسٹال برآمد
ایونٹ کی قیادت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کی۔ مقابلے چار کیٹیگریز میں ہوئے: لاء انفورسمنٹ ٹیمز، انفرادی، سویلینز اور خواتین۔
-
لاء انفورسمنٹ ٹیم کیٹیگری: انٹیلی جنس بیورو، ایس ایس یو (SWAT) اور ASF (اسلام آباد) نے بالترتیب پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔
-
انفرادی کیٹیگری (اہلکار): شیراز آخوند (ایس ایس یو)، عبد الرحمن (ASF) اور عامر خان (سندھ پولیس) نمایاں رہے۔
-
سویلین کیٹیگری: فضل سبحان، عماد الحق اور نادر علی نے پہلی تین پوزیشنز اپنے نام کیں۔
-
خواتین کیٹیگری: طیبہ ظفر (ایس ایس یو)، نمرا (ایس ایس یو) اور سمینہ بی بی (ASF) نے کامیابی حاصل کی۔
اس ایونٹ میں 59 سویلین، 49 اہلکار اور 6 خواتین شریک ہوئیں، جو پاکستان میں شوٹنگ اسپورٹس کی بڑھتی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ سندھ پولیس کے دوہری مشن کی نمائندگی کرتی ہے: امن و امان قائم رکھنا اور مثبت کھیلوں کو فروغ دینا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان ٹیم ورک اور اعتماد بڑھانے میں یہ ایونٹ اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یومِ دفاع کی مناسبت سے تقریب کے آغاز پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قومی پرچم لہرایا گیا۔ تاہم بارش کے باعث انعامات کی تقسیم کی تقریب ملتوی کردی گئی جو بعد میں منعقد ہوگی۔
