


کراچی (کرائم رپورٹر) ابراہیم حیدری پولیس نے ساحلی علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کشتیوں کے ذریعے چھالیہ اور گٹکا ماوا اسمگل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کراچی: تھانہ درخشاں پولیس کی کارروائی، ڈکیت گرفتار، اسلحہ برآمد
ترجمان پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی میں ملزمان الطاف اور شبیر کو ساحل کے کنارے سے دھر لیا گیا۔ ملزمان کشتیوں کے خفیہ خانوں میں چھالیہ اور دیگر مضر صحت اشیاء چھپا کر خفیہ جزیروں اور قریبی ساحلی علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 27 بوریاں (354 کلوگرام) چھالیہ، 60 کلوگرام سے زائد گٹکا ماوا اور 27 پیکٹ کھتہ برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان بڑے پیمانے پر اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں اور باقاعدہ نیٹ ورک کے ذریعے سپلائی کا دھندہ چلا رہے تھے۔
برآمد شدہ مضر صحت سامان کو ضابطے کے تحت قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔