کراچی (کرائم رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایت پر اسپیشلائزڈ انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور سی آئی اے کی جانب سے آن لائن منشیات فروش گروہوں کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو عارف اسلم راؤ کے مطابق سرسید کے علاقے میں کارروائی کے دوران آن لائن منشیات فروخت کرنے والا ڈیلیوری رائیڈر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک پاؤ سے زائد کرسٹال برآمد کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ عبدالحمید حب وندر سے منشیات خرید کر کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔ ملزم ڈیلیوری کے لیے سوشل میڈیا اور مختلف موبائل ایپلیکیشنز کا استعمال کرتا تھا۔
ایس آئی یو حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد تک بھی پہنچا جاسکے۔