کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلند لہروں کے باعث سمندر پانی نہیں لے رہا جس کے نتیجے میں آج اور کل بارش کے دوران نکاسی ایک بڑا چیلنج ہوگی، تاہم انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں۔
میئر کراچی صبح سویرے بارش کے بعد شہر کے مختلف مقامات کے دورے پر نکلے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے نہر خیام کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں پانی الٹی سمت میں بہتا ہوا دکھائی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "بلند لہروں کے باعث پانی نہر خیام میں واپس آرہا ہے، تاہم انتظامیہ اور مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔”
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے تمام بڑے نالوں گجر، اورنگی اور محمود آباد سمیت 43 بڑے نالوں کی صفائی جاری ہے جبکہ 14 انڈر پاسز میں اضافی پمپس نصب کیے گئے ہیں تاکہ نکاسی میں تاخیر نہ ہو۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 120 گاڑیاں بھی فیلڈ میں ہوں گی جبکہ بلدیاتی ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ "نالوں کی گنجائش 40 ملی میٹر بارش تک ہے، اس سے زیادہ بارش کی صورت میں اثر ضرور پڑتا ہے، لیکن پچھلی بارشوں میں دیکھا گیا کہ چند گھنٹوں میں مرکزی شاہراہوں سے پانی کلیئر کرلیا گیا تھا۔”
میئر کراچی نے کہا کہ شہری افواہوں اور قیاس آرائیوں پر کان نہ دھریں، اگر ضرورت پیش آئی تو ماہرین کی ہدایت پر فیصلہ کیا جائے گا۔ "گھبراہٹ میں نہ آئیں، اگر پانی کھڑا بھی ہو تو دو سے ڈھائی گھنٹے میں کلیئر کرلیا جائے گا۔”
انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "یہ وہ انتظامیہ نہیں ہے جو کیفے پیالہ پر بیٹھ کر چائے پیتے، یہ انتظامیہ گراؤنڈ پر موجود ہوگی۔” جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "انہیں پیسے اور وسائل حاصل ہیں، روڈ کٹنگ کے 14 ارب روپے ان کے پاس موجود ہیں، لہٰذا شہریوں کی خدمت پر خرچ کریں۔”
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے صوبائی وزیرِ بحالیات مخدوم محبوب الزمان کی ہدایت پر شہر کے 16 مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینیں نصب کردی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور نصب شدہ مشینری کا جائزہ لیا۔
