لاہور (اسپورٹس ڈیسک) قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے حالیہ سہ فریقی سیریز سے حاصل ہونے والی آمدنی پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارت کی آبی جارحیت، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا — پنجاب میں سیلابی صورتحال سنگین
پاکستان نے گزشتہ روز سہ ملکی سیریز کے فائنل میں افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں شاندار باؤلنگ کے باعث افغان ٹیم کو 67 رنز پر ڈھیر کر دیا گیا۔ محمد نواز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈز اپنے نام کیے، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے دو اوورز میں صرف سات رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
فتح کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اعلان کیا کہ وہ اپنی میچ فیس اور سیریز سے حاصل ہونے والی آمدنی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عطیہ کریں گے، ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی بھی ان کے ساتھ اس کارِ خیر میں شریک ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 30 اگست کو پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ایک چیریٹی نمائشی میچ کا انعقاد کیا تھا، جس میں انضمام الحق، شاہد آفریدی، یونس خان، شعیب اختر اور وقار یونس جیسے لیجنڈری کھلاڑی شریک ہوئے۔ اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور اس میچ کی تمام آمدنی سیلاب متاثرین کیلئے وقف کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ جون سے ملک بھر میں تباہ کن سیلابی صورتحال جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک 910 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا ہے جہاں 504 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ صرف ضلع بونیر میں 256 افراد ہلاک ہوئے جن میں 23 بچے شامل ہیں۔
پنجاب میں بھی تاریخ کے بدترین سیلاب کے باعث 41 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ پانی اب سندھ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور اب تک ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
