اسلام آباد : کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز میجر جنرل اسٹاف حمید محمد عبداللہ الرميثي نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا گیا، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ بعد ازاں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ بحری تعاون، تربیت، باہمی دوروں اور مشترکہ مشقوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز (RMSP) کے ذریعے خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے علاقائی و عالمی میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر معزز مہمان کو پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ پاک بحریہ اور متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ابتدائی برسوں میں پاک بحریہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تربیت اور تکنیکی معاونت نے ان تعلقات کو مزید مستحکم بنایا، جبکہ یو اے ای نیول فورسز کے کئی سینئر افسران نے پاکستان نیول اکیڈمی سے تربیت حاصل کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس دورے سے دونوں برادر ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

