7 ستمبر 1965 کا دن پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی جرات اور بہادری سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ اس روز فضائی محاذ پر شیر دل جوانوں نے ایسی تاریخ رقم کی جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔
یومِ بحریہ پاکستان نیوی ہمیشہ مادرِوطن کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے ایڈمرل نوید اشرف
پاک بھارت جنگ 1965 میں اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے اپنی ہوا بازی کے شاندار کارناموں سے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ انہوں نے ایک منٹ کے اندر بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جو آج بھی پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہرا باب اور ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے فضائی جنگی معرکوں میں اپنی دھاک بٹھائی۔ ان کی کثیر الجہتی جنگی صلاحیتیں اور ناقابلِ تسخیر جذبہ ان کی جدت اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ دشمن کبھی پاکستانی قوم اور افواج کے جذبے کو شکست نہیں دے سکتا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حالیہ آپریشن بنیان مرصوص میں بھی پاک فضائیہ نے فیصلہ کن کردار ادا کر کے دشمن کو چاروں شانے چت کیا اور دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔
واضح رہے کہ یوم فضائیہ کے موقع پر شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس نشانِ حیدر کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جن کی قربانی وطن کی آزادی اور وقار کی روشن علامت ہے۔
