پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ دفاع کی مناسبت سے پاک فضائیہ کی تمام ائیر بیسز پر یومِ شہداء کی تقاریب منعقد ہوئیں، جہاں وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو مکمل عقیدت و احترام سے یاد کیا گیا۔
یوم فضائیہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 7 ستمبر کو تاریخ رقم کی وزیر اعظم کا خراجِ تحسین
تقاریب کا آغاز قرآن خوانی اور 1965، 1971 کی جنگوں سمیت وطن پر قربان ہونے والے تمام شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل نے کہا کہ یومِ شہداء قربانی، حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے۔ پاک فضائیہ تیزی سے بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال میں اپنے مشن پر پوری یکسوئی سے کاربند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص میں کامیابیاں پاکستان ایئر فورس کی صلاحیت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
تقریب سے قبل ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

