اسلام آباد: ملک بھر میں رمضان المبارک کے دوران مجموعی طور پر موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے، تاہم دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
چیک باؤنس کیس: بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو ضمانت مل گئی، جیل سے رہائی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری جائزہ رپورٹ کے مطابق رمضان کے دوران موسمی صورتحال معتدل رہے گی، البتہ مختلف عشروں میں علاقائی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
پہلا عشرہ
اعلامیے کے مطابق پہلے عشرے میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت نمایاں طور پر کم رہنے کی توقع ہے۔
دوسرا عشرہ
دوسرے عشرے میں موسم نسبتاً گرم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔
تیسرا عشرہ
تیسرے عشرے میں ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں اور وسطی پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
کراچی کا موسم
کراچی میں رمضان کے پہلے عشرے کے دوران ہلکی بارش کا معمولی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوسکتا ہے جس کے باعث شہر میں ہلکی پھوار پڑنے کی توقع ہے، تاہم اس سے مجموعی طور پر گرم اور خشک موسم میں نمایاں تبدیلی کا امکان کم ہے۔
کراچی میں رمضان کے ابتدائی بیس دنوں کے دوران درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
