نوشہرہ: خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ (تورابورا) میں نامعلوم ملزمان نے قبائلی رہنما سردار علی کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں 3 مرد، ایک خاتون اور ایک بچی شامل ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد پبی اسپتال سے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کردیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں نے دو دستی بم پھینکے، جن میں سے ایک نہیں پھٹ سکا۔ دھماکے سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سردار علی، ان کی اہلیہ اور بچہ بھی شامل ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق سردار علی کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم فوری طور پر مقدمہ درج نہیں ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کے بیان کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔