کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے برٹش کونسل کے تعاون سے ’’انگریزی بطور مضمون برائے اساتذہ و تعلیم دان‘‘ (ایس ٹی ای-2) پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ افتتاح کردیا۔
سندھ اور پنجاب میں گندم و آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، آٹا 110 روپے کلو تک جا پہنچا
وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، برطانیہ کے نائب ہائی کمشنر لینس ڈوم، برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن، ریجنل ڈائریکٹر سارہ راجرسن اور متعدد ماہرین تعلیم شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے بھر کے 30 ہزار پرائمری اور ابتدائی تعلیم کے اساتذہ کو تربیت فراہم کی جائے گی، ساتھ ہی ایک ہزار مینٹورز اور 35 کورس لیڈرز بھی مستفید ہوں گے۔ پروگرام میں خواتین، اقلیتی گروہوں اور معذور اساتذہ کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ انگریزی کے ساتھ سندھی اور اردو جیسی مقامی زبانوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زبان کی مہارت تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ اس اقدام سے سندھ کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم تقریباً 20 لاکھ بچوں کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایس ٹی ای-2 سندھ کے ’’کنٹینیوئس پروفیشنل ڈویلپمنٹ ماڈل 2022‘‘ اور ’’ای سی سی ای اینڈ فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی 2024‘‘ کے مطابق ہے۔ اس میں ڈیجیٹل لرننگ ماڈیولز، ہائبرڈ ٹریننگ اور ’’کمیونٹیز آف پریکٹس‘‘ جیسی جدید حکمتِ عملیاں شامل کی گئی ہیں۔
وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ زبان محض ایک مضمون نہیں بلکہ علم اور سوچ تک پہنچنے کا ذریعہ ہے۔ جو بچہ زبان پر عبور حاصل کرتا ہے وہ دیگر مضامین بھی بہتر انداز میں سیکھتا ہے۔
برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ ایس ٹی ای پروگرام ایک مسلسل پیشہ ورانہ ترقی (سی پی ڈی) کا ماڈل ہے، جس کا مقصد اساتذہ کی انگریزی پڑھانے کی مہارت کو بہتر بنانا ہے۔
