ٹنڈو الہ یار / کراچی / لاہور / راولپنڈی: (ڈیسک رپورٹ) ملک کے مختلف شہروں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
مظفرگڑھ میں بستی پیردی بھینی کے 25 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے، ریسکیو آپریشن جاری
تفصیلات کے مطابق ٹنڈو الہ یار میں گندم کی فی من قیمت 2200 روپے سے بڑھ کر 4000 روپے تک جا پہنچی، جس کے بعد آٹا 40 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا۔ مارکیٹ میں 75 روپے کلو فروخت ہونے والا آٹا 110 روپے کلو میں دستیاب ہے۔
کراچی میں بھی گندم کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 100 کلوگرام گندم کی بوری 7200 روپے سے بڑھ کر 9300 روپے ہو گئی، جبکہ 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 5 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
پنجاب کے شہروں میں بھی صورتحال مختلف نہیں، راولپنڈی میں گندم کی فی من قیمت 3700 روپے اور لاہور میں 3500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق خیبرپختونخوا کو سالانہ 53 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے، تاہم صوبے کو 41 لاکھ ٹن کی کمی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت کے پی میں 2 لاکھ 71 ہزار ٹن گندم موجود ہے جو گزشتہ برس صوبائی حکومت نے خریدی تھی اور وہ اب بھی گوداموں میں پڑی ہے۔
