کراچی (کرائم ڈیسک) ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بنارسی تاجر سے بھتے کا مطالبہ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا ’’ایس ٹی ای-2‘‘ پروگرام کا افتتاح، 30 ہزار اساتذہ کو انگریزی کی تربیت دی جائے گی
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان نے 31 اگست کو فون کال اور ایس ایم ایس کے ذریعے تاجر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور بھتے کا مطالبہ کیا۔ اس واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 338/2025 بجرم دفعہ 384/385/25D تھانہ اورنگی میں درج کیا گیا۔
ایس ایچ او اورنگی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت منور احمد ولد نور الہدیٰ اور محمد خالد ولد محرم شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان اور متاثرہ تاجر ایک ہی کاروبار سے وابستہ ہیں اور دونوں کے درمیان کاروباری لین دین بھی ہوتا رہا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بھتہ خوری میں استعمال ہونے والے تین موبائل فونز اور متعدد سم کارڈز بھی برآمد کرلیے۔
ملزمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

