پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کٹی پہاڑی اور ایم پی آر کالونی سے ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز، بھتہ خوری، قبضہ مافیا، بلیک میلنگ اور اقدام قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث تین انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
نیمار برازیل کے آخری دو ورلڈ کپ کوالیفائرز سے باہر اینسیلوٹی نے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا
رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبدالرحمن عرف منو ولد جاوید خان، نعمت اللہ عرف متا ولد عبدالحمید اور بخت اللہ عرف کٹار مسعود ولد شیرزمان شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان ڈکیتیوں، اسٹریٹ کرائمز، بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے اور بلیک میلنگ میں سرگرم تھے، جبکہ یہ گروہ بچوں کے جنسی استحصال، چائلڈ پورنوگرافی اور دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث پایا گیا۔ وارداتوں کے دوران ملزمان تشدد اور اسلحے کا استعمال کرتے تھے اور متاثرہ بچوں و خواتین کی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتے تھے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں جو اس سے قبل بھی ڈکیتی، اقدام قتل اور پولیس مقابلوں میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں اور ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ انہی جرائم میں ملوث رہے۔
گرفتار ملزمان کو اسلحہ سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز واٹس ایپ نمبر پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
