کراچی : صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں روہڑی سرکل کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر سینٹرل جیل روڈ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔
کراچی رینجرز کی کارروائی ڈکیتی و سنگین جرائم میں ملوث 3 خطرناک ملزمان گرفتار
اے ای ٹی او قمرالدین سیال کی قیادت میں کارروائی کے دوران ہینو ٹرک کی تلاشی لی گئی، جس کے خفیہ خانوں سے کروڑوں روپے مالیت کی 120 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔ ٹرک نمبر TKY-139 سے برآمد ہونے والی منشیات کے ساتھ ایک ملزم سوار خان ولد گل مدار خان کو گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ منشیات پشاور سے کراچی اسمگل کی جارہی تھی۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول نے ٹرک اور منشیات ضبط کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 16/2025 درج کرلیا ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ نے روہڑی سرکل کی اس کامیاب کارروائی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اسمگلروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرحدی علاقوں میں کڑی نگرانی کی بدولت اسمگلرز کو ناکامی کا سامنا ہے۔
مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول نے منشیات کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح صوبے کو منشیات سے پاک کرنا ہے، اور منشیات کے استعمال و اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں
