کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء“ کے حوالے سے پہلی پریس کانفرنس حسینہ معین ہال احمد شاہ بلڈنگ میں منعقد ہوئی، جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور نامور گلوکار راحت فتح علی خان نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی اور آرٹسٹ پروموٹر سجاد خان بھی موجود تھے۔
کراچی میں رینجرز کی کارروائی، ڈکیتیوں میں ملوث ملزم گرفتار
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 30 اکتوبر سے شروع ہوکر 7 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس 39 روزہ فیسٹیول میں دنیا کے 102 ممالک کے 800 سے زائد آرٹسٹ پاکستان آئیں گے، جن میں 31 افریقی، 30 ایشیائی اور 26 یورپی ممالک کے فنکار شامل ہیں۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، امریکا، کینیڈا، برازیل، میکسیکو، پرتگال، سری لنکا، بنگلہ دیش، بھوٹان سمیت دیگر ممالک کے آرٹسٹ بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 44 ممالک کے فنکاروں نے پاکستان میں پرفارم کیا تھا، اس مرتبہ بڑی تعداد میں شرکت پاکستان کی ثقافتی کامیابی ہے۔ فیسٹیول میں میوزک، تھیٹر، ڈانس کے ساتھ فلم کو بھی شامل کیا گیا ہے، جب کہ 20 ممالک کے پینٹرز بھی اپنی نمائش کریں گے۔ پاکستان کے فنکاروں میں فقیر ذوالفقار، اکبر خمیسو خان، مائی ڈھائی اور صنم ماروی اپنی پرفارمنس دیں گے۔
محمد احمد شاہ نے اعلان کیا کہ آرٹس کونسل جنوری 2026 سے فلم اکیڈمی کا آغاز کرے گی تاکہ فلم انڈسٹری کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیکیورٹی سمیت ہر سطح پر فیسٹیول کو سپورٹ فراہم کی ہے۔ اختتامی تقریب میں راحت فتح علی خان خصوصی پرفارمنس دیں گے جب کہ استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔
گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کا حصہ بننے پر شکر گزار ہوں، اس طرح کے فیسٹیول ہر شہر میں ہونے چاہئیں تاکہ دنیا پاکستان کے اصل کلچر کو دیکھ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی اور لاہور میں نصرت فتح علی خان اور راحت فتح علی خان اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا ہے، جہاں بچوں کو موسیقی کی باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔
