اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر): سابق وفاقی وزیر اور رہنما فواد چوہدری نے حکومت اور اپوزیشن، دونوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے موجودہ سیاسی صورتحال کو عوام کے لیے مایوس کن قرار دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک طرف ظالم حکومت اور دوسری طرف نااہل اپوزیشن کے درمیان پس چکے ہیں، نہ حکومت کا ظلم کم ہو رہا ہے، نہ اپوزیشن اپنی نالائقیوں پر قابو پا رہی ہے۔
باجوڑ: سیکیورٹی ذرائع کا دوٹوک پیغام، “اگر خوارج نہیں نکال سکتے تو علاقہ خالی کردیں”
فواد چوہدری نے عدالتی نظام پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ جیل ٹرائلز میں الجھی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کا اعتماد بری طرح مجروح ہوا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "ساری لیڈرشپ اڈیالہ جیل جاتی ہے، کھانے کھا کر واپس آ جاتی ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی قیادت نہ سیاست کر پا رہی ہے، نہ وکالت۔ انہوں نے بھارتی رہنما راہول گاندھی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ "جیسے راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن کے خلاف شواہد پیش کیے، اسی طرح پاکستان میں بھی سنجیدہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔”
فواد چوہدری نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ نظام کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دے اور محض بیانات سے آگے نکل کر عملی اقدامات کرے۔
