حیدرآباد— سندھ پبلک سروس کمیشن نے بھرتی کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور غیر جانبداری کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ (CBT) کے کامیاب انعقاد کے ذریعے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیاں، 3 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار، اسلحہ برآمد
کمیشن کے سیکریٹری کے مطابق یہ امتحانات آج 4 اگست کو لیکچرار (گریڈ 17) کے مضامین حیاتیات، مطالعہ پاکستان، اور اسلامیات کے لیے صوبائی ادارہ برائے تربیت اساتذہ (پائٹ) کے تحت منعقد کیے گئے۔
یاد رہے کہ اس جدید ڈیجیٹل نظام کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 17 جولائی 2025 کو کمیشن کے مرکزی دفتر، حیدرآباد میں کیا تھا، جسے صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کی ایک نمایاں پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
امتحانات کا مکمل عمل منظم، محفوظ اور شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔ تمام امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کیے گئے، جب کہ حیاتیات کے مضمون کا نتیجہ اسی روز جاری کر دیا گیا — جو اس نظام کی شفافیت اور رفتار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
امیدواروں نے نئی ڈیجیٹل سہولت کو انتہائی مؤثر، تیز رفتار اور قابل اعتماد قرار دیتے ہوئے کمیشن کی کاوشوں کو سراہا۔
کمیشن کے چیئرمین اور دیگر اعلیٰ حکام نے اس کامیابی پر پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ تمام امتحانات بھی کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے تاکہ بھرتی کا عمل مزید بہتر، منصفانہ اور شفاف بنایا جا سکے۔
یہ پیشرفت سندھ پبلک سروس کمیشن کو صوبے میں سرکاری شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کا علمبردار ثابت کرتی ہے۔
