کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے، اور انشاءاللہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دلوا کر ہی دم لیں گے۔
غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت قانون سازی، ایس بی سی اے قوانین میں ترامیم کا مسودہ تیار: سعید غنی
یہ بات انہوں نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر پیپلز چورنگی سے مزار قائد تک نکالی جانے والی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریلی میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے تھام رکھے تھے، جبکہ شرکاء کشمیری حریت پسندوں کی تصاویر بھی اٹھائے ہوئے تھے۔
ریلی سے مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما ایڈووکیٹ پرویز احمد، پیپلز پارٹی کے رہنما لعل چند اکرانی، اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سلیم بلوچ، سرفراز راجڑ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، کلثوم چانڈیو، اویس شاہ، بورڈ آف ریونیو کے سینئر ممبر سید خالد حیدر شاہ، اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت ختم کر کے ظلم و جبر کی نئی تاریخ رقم کی، جس کے خلاف ہر سال یومِ استحصال منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں جب ہم نے یہ دن منایا تو امید کم تھی، لیکن 2025 میں ہم زیادہ پُرامید ہیں کیونکہ 10 مئی کو پاک فوج نے بھارت کو تاریخی شکست دی اور آج دنیا میں بھارت تنہائی کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گجرات کا قصائی مودی کشمیر پر بات کرنے کو تیار نہ تھا، مگر آج جنگ کے بعد اس کی پالیسیوں میں تبدیلی آ رہی ہے۔ سعید غنی نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ پاکستان کسی صورت کشمیر کی تقسیم قبول نہیں کرے گا۔
سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جلد ظلم کا خاتمہ ہوگا۔ پاک فوج، عوام اور قیادت کی قربانیوں کے نتیجے میں بھارت کو شکست ہوئی، اور ہم کشمیریوں کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غزہ کی طرح کشمیر کے مظلوموں کی بھی آواز سنے۔
وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیریوں کے زخموں کو تازہ کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا، اور ہم کشمیریوں کی آواز عالمی فورمز پر اٹھاتے رہیں گے۔

