غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت قانون سازی، ایس بی سی اے قوانین میں ترامیم کا مسودہ تیار: سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے قوانین میں سخت ترامیم کی جارہی ہیں، جس کا مسودہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے لیے فراہم کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپوزیشن لیڈرز سمیت 9 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے دیا

یہ بات انہوں نے منگل کے روز مخدوش اور خطرناک قرار دی گئی عمارتوں اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے قائم کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسی قانون سازی کی جائے جو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی راہ ہموار کرے، اور اس عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ آج کے اجلاس کے لیے سندھ اسمبلی میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں کے ایک ایک رکن کو مدعو کیا گیا تھا، مگر صرف جماعت اسلامی کے رکن نے شرکت کی جبکہ دیگر جماعتوں کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔

اجلاس میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ وسیم شمشاد، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ڈی جی ایس بی سی اے شاہ میر بھٹو، جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر ایڈووکیٹ سیف الدین، چیئرمین آباد حسن بخشی، پاکستان انجنئیرنگ کونسل، پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس، اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و دیگر افسران شریک تھے۔

کمشنر کراچی نے اجلاس میں اب تک کی پیش رفت رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کی 588 مخدوش عمارتوں میں سے 253 کا دوبارہ سروے مکمل کیا جا چکا ہے، جن میں سے 40 عمارتیں پہلے ہی توڑ کر دوبارہ تعمیر کی جا چکی ہیں جبکہ 69 ہیریٹیج عمارتیں ہیں۔ باقی عمارتوں کو خطرناک قرار دے کر ان کے مالکان کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

ڈی جی ایس بی سی اے شاہ میر بھٹو نے ترمیمی مسودہ پیش کیا اور تمام ممبران کو اس کی کاپیاں جائزے کے لیے فراہم کی گئیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ترامیم میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں، صوبے بھر میں رئیل اسٹیٹ کی رجسٹریشن، اور تعمیراتی عمل کی نگرانی کے لیے جامع اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے ایس بی سی اے کو ہدایت کی کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو کے تحت سروے کے عمل کو تیز کیا جائے اور بلڈنگ انسپکٹرز کی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے تربیتی ورکشاپس منعقد کی جائیں۔

اس موقع پر سینئر آرکیٹیکٹ سید عارف شاہ نے فائر سیفٹی پرووژن 2016 اور دیگر حفاظتی اقدامات کی سفارشات پیش کیں، جنہیں اپنانے کی ہدایت سعید غنی نے ڈی جی ایس بی سی اے کو دی۔

66 / 100 SEO Score

One thought on “غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت قانون سازی، ایس بی سی اے قوانین میں ترامیم کا مسودہ تیار: سعید غنی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!