کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف پاکستانی نژاد امریکن بزنس مین اور سماجی رہنما ڈاکٹر انوش احمد نے اپنے مرحوم والد کے ایصال ثواب اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت "انوش فاؤنڈیشن” کے ذریعے پاکستان بھر میں جامع فلاحی سرگرمیوں کا آغاز کراچی سے کر دیا ہے۔
تھانہ صدر پولیس کی مؤثر کارروائی، “A+ کیٹیگری” کے لسٹڈ منشیات فروش سہیل عرف سلو گرفتار
ہفتہ کے روز فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی کے پسماندہ علاقے اورنگی ٹاؤن میں مسلم کمیونٹی اور پولیس لائنز سولجر بازار میں مسیحی برادری کے مستحق افراد میں راشن کے 200 تھیلے تقسیم کیے گئے۔ ان راشن بیگز میں آٹا، چاول، دالیں، چینی، تیل، چائے کی پتی جیسی بنیادی اشیائے خورونوش شامل تھیں، جو ایک گھر کی ماہانہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر انوش احمد نے کہا کہ،
"یہ صرف راشن کی تقسیم نہیں، بلکہ ان افراد سے یکجہتی کا عملی اظہار ہے جنہیں اکثر معاشرہ نظر انداز کر دیتا ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ ‘کوئی بھوکا نہ سوئے’۔”
انہوں نے بتایا کہ یہ فلاحی پروگرام مختلف مذاہب، زبانوں اور قومیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر اتحاد، یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔
ڈاکٹر انوش احمد عرصہ دراز سے پاکستان میں تعلیم، صحت، اور غربت کے خاتمے کے لیے خاموشی سے خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔ ان کے بقول، یہ مشن ان کے والد کی سخاوت، انکساری اور انسان دوستی کی میراث کو آگے بڑھانے کا ذریعہ ہے۔
انوش فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ میں بھی ہزاروں ضرورت مندوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا چکی ہیں۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے مستقبل میں دیگر شہروں میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

