کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبے بھر کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جشنِ آزادی کے حوالے سے "معرکۂ حق” تھیم پر مبنی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، محمد بخش مہر، اور ذوالفقار شاہ سمیت سیکریٹری وزیراعلیٰ ایم رحیم شیخ، چیئرمین ایچ ای سی سندھ پروفیسر طارق رفیع، اور 64 جامعات کے وائس چانسلرز یا پرو وائس چانسلرز نے ذاتی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے خطاب میں کہا کہ "افواجِ پاکستان نے بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا، اور اب قوم کی فتح اور آزادی کے جشن کو دوبالا کرنے کے لیے یکم اگست سے تقریبات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔”
انہوں نے ہدایت دی کہ تمام جامعات اپنے اداروں، کلاس رومز، اور کیمپسز کو قومی وقار کے مطابق خوبصورتی سے سجائیں، اور کھیلوں، ثقافتی تقریبات، مباحثوں اور ادبی پروگراموں پر مشتمل بھرپور شیڈول مرتب کریں۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ "جو یونیورسٹی، تعلیمی ادارہ، دکاندار یا کوئی اور ادارہ سجاوٹ یا تقریبات کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھائے گا، حکومتِ سندھ کی جانب سے انعامات دیے جائیں گے۔”
اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل میمن نے سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے منعقدہ پروگراموں پر بریفنگ دی، جبکہ چیئرمین ایچ ای سی کو ہدایت دی گئی کہ وہ انفرادی اور بین الجامعاتی پروگرامز ترتیب دیں تاکہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا پیغام واضح ہو۔
اجلاس میں تمام جامعات نے اپنی اپنی تجاویز بھی پیش کیں اور جشنِ آزادی کو قومی جذبے اور ثقافتی ہم آہنگی کے ساتھ منانے کے عزم کا اظہار کیا۔
